زرعی قوانین کے خلاف دستخطی مہم، مہاراشٹراکی عوام کا بھرپورتعاون: کانگریس

   

ممبئی: مرکز کی بی جے پی حکومت کا کسانوں پر مسلط کیا گیا زرعی قوانین کے خلاف ریاست بھر میں جاری کانگریس کی دستخطی مہم کو عوام کا بھرپورتعاون حاصل ہوا ہے ۔ تقریباً پچاس لاکھ دستخط شدہ میمورنڈم آج ریاستی کانگریس کے انچارج ایچ کے پاٹل کو سونپا جائے گا۔یہ اطلاع آج یہاں ریاستی کانگریس کے صدر ووزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے دی ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی کے ناجائز زرعی قوانین کو رد کرنے کی کانگریس کی مہم ریاست بھر میں جاری ہے جسے عوام کا بھرپور تعاون حاصل ہورہا ہے ۔ اسی مہم کے تحت یہ دستخطی مہم بھی تھی جس میں ریاست کے کسانوں ومزدوروں نے بھرپور حصہ لیتے ہوئے ان قوانین کو رد کرنے کے مطالبے کے لیے تقریباً 50لاکھ دستخط کیے ۔ یہ تمام دستخط اور میمورنڈم ریاستی کانگریس کے صدر دفتر تلک بھون میں ریاستی کانگریس کے نگراں ایچ کے پاٹل کے سپرد کیا جائے گا۔ تھورات نے کہا کہ اس دستخطی مہم کے تحت ہمارا ہدف 2کروڑ دستخط جمع کرنے کا ہے ۔اس مہم کے تحت گاؤں کی سطح تک کانگریس کے کارکنان نے کام کیا اور یہ قوانین کس طرح کسانوں ومزدوروں کو تباہ کرنے والے ہیں، اس کی معلومات لوگوں کو دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی قوانین کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کانگریس نے اس کے خلاف تحریک شروع کررکھی ہے ۔ اس کے تحت یوم حقوق کسان، دھرنا، مظاہرہ، ریاستی گورنر کو میمورنڈم و ورچوئیل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔اس مہم کے تحت ریاست کے دس ہزار گاؤں وقصبوں کے 50لاکھ کسانوں ومزدوروں نے حصہ لیا۔