زلمی پی ایس ایل کے پہلے ایلیمنیٹر میں کامیاب

   

ابوظہبی۔ پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے پہلے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے دفاعی چمپیئن کراچی کنگز کو ایونٹ سے باہرکردیا۔ ابوظہبی میں کھیلے گئے لیگ کے پہلے ایلمنیٹر میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کرکراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔اوپنرز شرجیل خان اور بابر اعظم نے اپنی ٹیم کو41 رنزکا آغاز فراہم کیا جس کے بعد26 رنز بنانے والے شرجیل اپنی وکٹ سے محروم ہو گئے ۔ابھی کراچی کنگز اس دھکے سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں عمید آصف نے نیوزی لینڈ سے آئے مارٹن گپٹل کو کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ بابر نے دانش کے ساتھ مل کر اسکور کو 73 تک پہنچانے کی کوشش کی لیکن تیزی سے رنز نہ بننے کے باعث ہونے والے دباؤ کی وجہ سے دانش عزیز بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے ۔بابر اعظم پوری اننگز میں جدوجہد کرتے نظر آئے اور کسی بھی موقع پر کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 45 گیندوں پر صرف53 رنز بنائے ۔اس مرحلے پر پریرا نے تیزی سے کھیلنے کا بیڑا اٹھایا اور خالد عثمان کے ایک اوور میں 22 رنز بٹورنے کے ساتھ ساتھ18 گیندوں پر37 رنز کی اننگز کھیلی لیکن عمید آصف نے انہیں آوٹ کیا جبکہ چیڈوک والٹن نے صرف 9 رنز بنائے ۔ اختتامی اوورزمیں عماد وسیم سمیت کراچی کنگز کے ٹیل اینڈرز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت دفاعی چمپیئن ٹیم مقررہ اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر175 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حضرت اللہ زازئی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کو اوپنرز نے49 رنزکا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن ایک ہی اوور میں دو چوکے لگانے کے بعد کامران اکمل افغان اسپنرنور احمد کو وکٹ دے بیٹھے ۔دوسرے سرے سے زازئی نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن امام الحق17 گیندے کھیلنے کے باوجود صرف11 رنز بنا کر تھسارا پریرا کو وکٹ دے بیٹھے ۔ پریرا نے عمدہ بولنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے اگلے اوور میں زازئی کی اہم وکٹ حاصل کی جنہوں نے 38 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 77رنز بنائے ۔