بلاوایو ٹسٹ میں ایشیائی ٹیم کا کارنامہ ۔ کپتان حشمت اللہ اور رحمت شاہ کی ڈبل سنچریاں
بلاوایو: افغانستان اور کپتان حشمت اللہ شاہدی نے زمبابوے میں ٹسٹ کرکٹ کھیلتے ہوئے تاریخ بنائی جب ایشیائی ٹیم نے میزبان افریقی ٹیم کے 586 آل آؤٹ کے جواب میں 699 کا ہمالیائی اسکور کھڑا کیا جس میں کپتان حشمت نے 246 کا اعظم ترین حصہ ادا کیا۔ وہ افغانستان کے پہلے بیاٹر بن گئے جس نے دو ڈبل سنچریاں اسکور کئے۔ وہ اس سے قبل 200 رن بناچکے تھے۔ اتفاق سے گزشتہ روز ہی رحمت شاہ نے ڈبل سنچری (234 ) بناتے ہوئے حشمت کا ریکارڈ توڑا تھا۔ افغان اننگز میں پانچویں نمبر پر افسر ززئی کی سنچری (113) بھی شامل ہے۔ ایک مرحلہ پر 639/3 کے ساتھ افغانستان 700 کے غیرمعمولی اسکور کو عبور کرنے کی طرف گامزن تھا لیکن 60 رن کے وقفے میں 7 وکٹیں گرگئے۔ 5 وکٹ برائن بنیٹ نے حاصل کئے جنہوں نے زمبابوے کی اننگز میں ساتویں نمبر پر کھیلتے ہوئے 110 ناٹ آؤٹ اسکور کئے تھے۔بنیٹ کو دو مرتبہ ہیٹ ٹرک کا موقع نصیب ہوا لیکن یہ مکمل نہ ہوسکی۔ انہوں نے کپتان حشمت اور عظمت اللہ عمر زئی کو پانچویں اور چھٹی وکٹ کی شکل میں آؤٹ کیا۔ پھر آخری تین وکٹیں چار گیندوں میں حاصل کئے۔ تادم تحریر زمبابوے کی دوسری اننگز 73/1 پر تھی اور بارش کے سبب ٹسٹ ڈرا ہونا یقینی ہے۔