زمبابوے ۔پاکستان آج پہلا ونڈے ،زخمی شاداب میچ سے باہر

   

راولپنڈی ۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ونڈے سیریز کا آغازکل یہاں کھیلے جانے والے پہلے مقابلے سے ہوگا۔ پہلا میچ راولپنڈی میں پاکستانی کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے شروع ہوگا۔پہلے ون ڈے میچ کے حوالے سے دونوں ٹیموں کی بھرپور پریکٹس جاری ہے۔پاکستان ٹیم کے نائب کپتان اور اسپنر شاداب خان زخمی ہونے کی وجہ سے پہلا میچ نہیں کھیلیں گے۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ونڈے یکم نومبر اور تیسرا ون ڈے3 نومبر کو راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 59 ونڈے میچزکھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 52 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی ہے۔زمبابوے کیخلاف سیریز کے لئے 15 رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان پہلے ہی کردیاگیا ہے۔ میزبان ٹیم میں امام الحق، عابد علی، فخر زمان، بابراعظم، حارث سہیل، محمد رضوان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عماد وسیم، عثمان قادر، شاہین آفریدی، حارث روف، موسی خان شامل ہیں۔ پریس کانفرنس میں کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ یہ ٹیم پہلے ونڈے میچ کے لیے ہے اور میں بطورکپتان پہلی ونڈے سیریز جیتنا چاہتا ہوں جب کہ زمبابوے کو آسان حریف نہیں سمجھ رہے۔

پنجاب کی آج راجستھان کیخلاف
پلے آف پر نظریں
ابوظہبی۔ چوتھے مقام پر موجود کنگز الیون پنجاب او ساتویں مقام کی ٹیم راجستھان رائلز جمعہ کو آئی پی ایل کے50 ویں میچ میں پلے آف میں اپنی امیدوں کو برقرار رکھنے کے ارادے سے میدان میں اتریں گے ۔آئی پی ایل فی الحال اپنے فیصلہ کن مرحلے میں ہے اور ہر میچ ہر ٹیم کے لئے اہم ہوتا جارہا ہے ۔ پنجاب مسلسل پانچ میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ اسی ٹیم نے اپنے پہلے سات میچوں میں صرف ایک میچ جیتا تھا۔ پنجاب نے ٹیبل میں نیچلے مقام سے حیرت انگیز واپسی کی ہے اور اب وہ چوتھے نمبر پر ہے اور اب ٹیم پلے آف میں جگہ کی تلاش میں ہے ۔پنجاب 12 میچوں میں چھ فتوحات ، چھ ناکامیوں اور12 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔ ٹیم کو پلے آف کے لئے باقی دونوں میچ جیتنے ہوں گے ۔ راجستھان 12 میچوں میں پانچ فتوحات ، سات شکست اور10 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے ۔راجستھان کے لئے باقی دو میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے اور14 پوائنٹس پر ٹھہرکر پلے آف کے لئے کچھ ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کرنے کی امید ہے جہاں نیٹ رن ریٹ ٹیموں کی تقدیر کا تعین کرے گا۔ راجستھان کو نہ صرف اپنے باقی میچ جیتنا ہے بلکہ اپنے رن ریٹ میں بھی نمایاں بہتری لانی ہوگی۔پنجاب نے اپنے پچھلے میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرزکو شکست دی تھی جبکہ راجستھان نے ممبئی انڈینزکو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر اپنی امیدوںکو برقرار رکھا تھا۔ راجستھان کے بعد پنجاب اپنا آخری لیگ میچ چینائی سوپرکنگز کے ساتھ کھیلے گا اور راجستھان کولکتہ نائٹ رائیڈرزکے خلاف کھیلے گا۔