زمین و آسماں کی ہرچیز کو جان گئے

   

سید شمس الدین مغربی
اسلامی تاریخ میں ماہ رجب المرجب کو اس اعتبار سے بڑی اہمیت حاصل ہے کہ اس میں معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا واقعہ پیش آیا۔ معراج کا لغوی معنی ’’چڑھنے کا آلہ‘‘ یعنی سیڑھی ہے۔ معجزہ معراج شریف ہجرت سے پہلے سنہ بارہ نبوی رجب المرجب کی ستائیسویں شب میں پیش آیا۔
رسول اللہ ﷺکی سواری کیلئے حضرت جبرئیل علیہ السلام براق لے کر آئے تھے۔ سواری کا یہ مقدس جانور دراز گوش سے بڑا اور خچر سے قد میں چھوٹا تھا، مگر بجلی کی طرح تیز رفتار تھا۔ وہ اپنا قدم وہاں رکھتا جہاں تک اس کی نظر پڑتی تھی۔ حضور اکرم ﷺ اس براق پر سوار ہوکر حضرت جبرئیل علیہ السلام کی معیت میں بیت المقدس پہنچے۔ پھر آپ نے اس براق کو اس حلقہ سے باندھ دیا، جس میں حضرات انبیاء کرام علیہم السلام باندھا کرتے تھے۔ وہاں تمام انبیاء سابقین پہلے سے موجود تھے اور نماز کے لئے صفیں آراستہ کرکے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے منتظر تھے، جس طرح مقتدی صفیں باندھے امام کے منتظر ہوتے ہیں۔ چنانچہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم مصلے پر جلوہ افروز ہوکر دو رکعت نماز کی امامت فرمائی۔
اس کے بعد عرش کا سفر ہوا اور حضرت جبرئیل علیہ السلام کی ہمرکابی میں براق نے آسمان کی جانب پرواز کی۔ پھر اس کے آگے جب سدرۃ المنتہی پہنچے تو حضرت جبرئیل علیہ السلام نے عرض کیا ’’یارسول اللہ! اگر میں بال برابر بھی آگے بڑھا تو اللہ تعالی کے انوار و تجلیات سے میرے بال و پر جل جائیں گے‘‘۔ چنانچہ براق اور حضرت جبرئیل علیہ السلام کا ساتھ سدرۃ المنتہی تک رہا، اس کے آگے آپﷺ اکیلے تشریف لے گئے اور تمام حجابات سے گزرتے ہوئے پہلے مقام ’’دنیٰ‘‘ پھر مقام ’’فتدلی‘‘ پر پہنچے۔ وہاں سے گزرے تو مقام ’’قاب قوسین‘‘ پر اور پھر مقام ’’او ادنی‘‘ پر فائز ہوئے۔ اس مقام پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالی کا دیدار کیا۔ پھر اللہ تعالی نے آپ کے دونوں کاندھوں کے درمیان اپنا دست قدرت رکھا، جس سے حضور نے اپنے سینہ میں ٹھنڈک محسوس کی اور زمین و آسمان کی ہر چیز کو جان لیا۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالی کے حضور میں پہنچ کر عرض کیا ’’التحیات للّٰہ والصلوات والطیبات‘‘۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ان تین ہدیوں کے جواب میں اللہ تعالی نے فرمایا ’’السلام علیک ایھاالنبی ورحمۃ اللٰہ وبرکاتہ‘‘۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالی کی طرف سے اپنی ذات پر اس سلام، رحمت اور برکت میں اپنی امت کو شامل کرتے ہوئے فرمایا ’’السلام علینا وعلی عباد اللٰہ الصالحین‘‘۔

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ’’اللہ تبارک و تعالی نے معراج میں میری امت پر پچاس نمازیں فرض کی تھیں۔ میں ان نمازوں کو لے کر لوٹا تو راستے میں حضرت موسی علیہ السلام سے ملاقات ہوئی۔ انھوں نے دریافت کیا کہ ’’آپ کے رب نے آپ کی امت پر کیا فرض کیا ہے؟‘‘۔ میں نے کہا ’’پچاس نمازیں عطا کی گئی ہیں‘‘۔ حضرت موسی علیہ السلام نے عرض کیا کہ ’’آپ کی امت اتنی نمازیں نہیں پڑھ سکے گی، لہذا واپس جائیں اور کم کرائیں‘‘۔ آپﷺ حضرت موسی علیہ السلام کے مشورہ پر بار بار جاتے رہے اور ہر بار پانچ نمازیں کم کردی جاتیں، یہاں تک کہ پانچ وقت کی نماز رہ گئی۔