زنا بالجبر کیس : صرف 9 دن میں فیصلہ ، مجرم کو 20 سال قید

   

جے پور: جے پور کے پوکسو کورٹ -3 میٹرو -1 (پوکسو کورٹ) نے 10 سالہ معصوم بچی کے ریپ کیس کے بعدمحض 9 دنوں میں آج فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے ملزم کملیش مینا کو 20 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ راجستھان میں شاید یہ پہلا کیس ہے، جس میں اس طرح کے ابتدائی مقدمہ کی سماعت ہوئی ہے۔ 27 ستمبر کو کوٹ کھوادہ تھانہ علاقہ میں معصوم بچی کے ساتھ زیادتی کی گئی تھی۔اس معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزم کو فوری طور پر گرفتار کرلیا اور صرف 7 گھنٹوں میں چالان پیش کردیا تھا۔ اس کے بعد کام کے5 دنوں میں مقدمہ کی سماعت مکمل کرلی گئی۔ یہ فیصلہ جج وکاس کھنڈیلوال کی عدالت نے دیا ہے۔متاثرہ اسپتال میں داخل ہونے کی وجہ سے عدالت نہیں آ سکی۔ اس لیے اس کے بیانات وی سی کے ذریعے ریکارڈ کیے گئے۔ عدالت نے ریپ کے مجرم کملیش مینا پر 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ وہ کمرہ عدالت میں کھڑا اپنا سر جھکا کر فیصلہ سن رہا تھا۔تفصیلات کے مطابق26 ستمبر کی شام کوٹ کھودا تھانہ علاقہ میں کملیش مینا نے لڑکی کو گھر چھوڑنے کے بہانے قریبی کھیت میں لے جا کر زیادتی کی۔ استغاثہ کے مطابق لڑکی گھر کا سامان لینے گئی تھی۔ وہاں ملزم متآثرہ لڑکی سے ملا۔ اس نے لڑکی کو بتایا کہ وہ اپنے چچا کے گھر پیسے دینے جا رہا ہے۔ وہ اس کے ساتھ چلے، اسے گھر چھوڑ دے گا۔ لیکن اس کے بعد کملیش متاثرہ کو ایک ویران جگہ لے گیا ، جہاں اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ساتھ ہی قتل کرنے کی نیت سے اس کا گلا بھی دبا دیا۔ یہ سوچ کر کہ لڑکی مر گئی ہے ، ملزم وہاں سے بھاگ گیا۔واقعہ کے بعد تھانہ کوٹ کھودا پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو فوری گرفتار کر لیا۔ ملزم کی گرفتاری کے صرف 7 گھنٹے بعد کیس میں چالان پیش کیا گیا۔