زندہ خاتون ریکارڈ میں مردہ وظیفہ کی رقم سے محرومی پر خودسوزی کا انتباہ

   

حیدرآباد 28 فروری (یو این آئی) زندہ خاتون کو ریکارڈ میں مردہ ظاہر کرنے پر خاتون ‘بیوہ خواتین کو دیئے جانے والے وظیفہ سے محروم ہوگئی اور اسے وظیفہ کیلئے بار بار سرکاری دفتر کے چکر لگانے پڑے ، بالاخرخاتون نے اپنی شکایت گرام سبھا کے اجلاس میں کرکے انصاف کا مطالبہ کیا بصورت دیگر اس نے ساتھ لائے کیروسین ڈال کر خودسوزی کی دھمکی دی۔یہ واقعہ شمس آباد رورل علاقہ میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق مانیماں نامی 48سالہ خاتون کے شوہر کی 2018میں موت ہوگئی تھی جس کے بعد خاتون نے وظیفہ بیوگان کیلئے درخواست دی۔پنچایت عہدیداروں سے کئی بار نمائندگی اور سرکاری دفتر کے چکر لگانے کے باوجود اس کو منظورہ وظیفہ کی رقم جاری نہیں کی گئی بالاخر عہدیداروں نے اس کو بتایا کہ وہ بھی مردہ کے طورپر رجسٹرڈ ہے اسی لئے اس کو وظیفہ کی رقم جاری نہیں کی جارہی ہے ۔اس خاتون نے گرام سبھا اجلاس میں کہا کہ اگرو ہ مردہ ہے تو پھر اس کو ہرماہ راشن کس طرح مل رہا ہے ؟خاتون نے کہاکہ دسمبر2018میں اس کا وظیفہ منظور کیاگیا تھا بعد ازاں وظیفہ روک دیاگیا۔اس پر راج کماری جونیر پنچایت سکریٹری نے کہاکہ خاتون کے نام پر وظیفہ جاری کیاجائے ۔اس کا آن لائن عمل بھی مکمل کرلیاگیا ہے ۔