زوماٹو سے بھی ملازمین کی تخفیف کا آغاز

   

حیدرآباد 19 نومبر ( سیاست نیوز ) دنیا بھر میں ٹیک کمپنیوں کی جانب سے ملازمین کی تخفیف کا سلسلہ شروع ہوا تھا تاہم اب یہ ایسا لگتا ہے کہ دوسرے شعبوں تک وسعت اختیار کر رہا ہے ۔ فوڈ ڈلیوری ادارے زوماٹو نے بھی اب ملازمین کی تخفیف کا آغاز کردیا ہے اور سمجھا جا رہا ہے کہ اخراجات کم کرنے اور کمپنی کو نفع بخش بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پتہ چلا ہے کہ اب تک جملہ 100 ملازمین کو ٹیکنیکل ‘ پراڈکٹ ‘ کیٹلاگ اور مارکٹنگ شعبہ سے برخواست کردیا گیا ہے ۔ تاہم سپلائی چین محکمہ کے ملازمین پر ابھی اس تخفیف کا اثر نہیں پڑا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ کمپنی کم از کم چار فیصد ملازمین کو کم کرنا چاہتی ہے ۔ واضح رہے کہ کمپنی کے شریک بانی موہت گپتا نے کمپنی سے استعفی دیدیا ہے ۔ زوماٹو کے نئی پہل کے سربراہ راہول گانجو بھی مستعفی ہوچکے ہیں جبکہ گلوبل گروتھ کے نائب صدر سدھارتھ جاور نے بھی جاریہ مہینے کے اوائل میں کمپنی کو خیرباد کہدیا ہے ۔ اس کے بعد ملازمین کی تخفیف کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ عالمی اداروں جیسے ٹوئیٹر ‘ میٹا اور امیزان کی جانب سے بھی ملازمین کی تخفیف کی گئی ہے اور ہندوستان میں 15 ہزار افراد ملازمتوں ںے محروم ہوگئے ہیں۔