حیدرآباد۔28ستمبر(سیاست نیوز) نہرو زوالوجیکل پارک میں موجود سفاری پارک کو آئندہ ماہ سے عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ شہر حیدرآباد کے معروف نہرو زوالوجیکل پارک میں زائد از دیڑھ برس سے بند سفاری پارک کو عوام کیلئے کھولنے کے سلسلہ میں عہدیداروں نے جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ آئندہ چند یوم میں اس سلسلہ میں احکام جاری کردیئے جائیں گے۔ محکمہ جنگلات کے عہدیدارو ںنے دنیا بھرمیں کورونا وائرس وباء کے بعد بند کئے گئے زوالوجیکل پارک کے ساتھ سفاری پارک کو بھی بند کردیا تھا بلکہ کورونا وائرس سے قبل شہر حیدرآباد میں ہونے والی بارشاور میر عالم تالاب کے پانی کے سفاری پارک میں داخل ہونے کے بعد سفاری پارک کی سرگرمیو ںکو پوری طرح سے معطل کردیا گیا تھا لیکن اب جبکہ کورونا وائرس کی وباء کے بعد تمام تفریحی مراکز کی کشادگی عمل میں لائی جارہی ہے ایسے میں نہرو زوالوجیکل پارک کی کشادگی کے اقدامات بھی عمل میں لائے جاچکے ہیں لیکن سفاری پارک کی سرگرمیوں کو اب تک بھی معطل رکھا گیا تھا۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ سفاری پارک کی کشادگی نئے رہنمایانہ خطوط کے ساتھ عمل میں لائی جائے گی اور سفاری پارک کی تفریح کے دوران فاصلہ کی برقراری اور ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیئے جانے کے علاوہ دیگر احکام جاری کئے جائیں گے۔ م