زو کے جانوروں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے عملہ اور سیاحوں کیلئے ماسک لازمی

   

جانوروں کی خصوصی دیکھ بھال ، ایس راج شیکھر کیوریٹر کا بیان
حیدرآباد۔3فروری(سیاست نیوز) نہرو زوالوجیکل پارک میں جانوروں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے محکمہ جنگلات کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں اور زوالوجیکل پارک میں خدمات انجام دینے والے عملہ کے علاوہ سیاحوں کو ماسک کے استعمال کا پابند بنایا جا رہاہے۔ کیوریٹر نہرو زوالوجیکل پارک نے بتایا کہ جانوروں کی صحت پر خصوصی نگاہ رکھی جا رہی ہے اور ان کے کھانے پینے‘ سونے اور دیگر حرکات و سکنات کا جائزہ لیا جا رہاہے تاکہ ان میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی صورت میں ان کا کورونا وائرس معائنہ کیا جاسکے۔ کیوریٹر نہرو زوالوجیکل پارک مسٹر ایس راج شیکھرنے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ جنگلات کی جانب سے ماہر امراض مویشیاں سے مشاورت کے بعد خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور جانوروں کے قریب جانے والے تمام افراد کو اس بات کا پابند بنایا جارہا ہے کہ وہ ماسک کے بغیر جانور کے قریب نہ جائیں۔نہرو زوالوجیکل پارک میں موجود شیروں کی سخت نگہداشت کی جا رہی ہے کیونکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران نہرو زولوجیکل پارک میں موجود 8 شیروں کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی تھی لیکن ان میں سانس لینے میں دشواری اور دیگر مسائل نہیں دیکھے گئے اس کے باوجود زو انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی غفلت سے گریز کیا جا رہاہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ جانوروں کے مقام تک کورونا وائرس کو پہنچنے سے روکا جائے۔ م