نیویارک، 17 دسمبر (یو این آئی) نیو یارک کے میئر زہران ممدانی کی والدہ نے بیٹے کی بالی ووڈ سے گہری وابستگی پر دلچسپ انکشافات کردیے ۔ نیو یارک کے نو منتخب میئر زہران ممدانی کا بالی ووڈ اور سینما سے تعلق کسی سے ڈھکا چھپا نہیں اور اس کی ایک بڑی وجہ ان کی والدہ عالمی شہرت یافتہ فلم ساز میرا نائر ہیں۔ حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں میرا نائر نے اپنے بیٹے کی فلموں سے محبت، اس کی شخصیت اور خاندان پر اس کے اثرات سے متعلق دلچسپ باتیں شیئر کیں۔ میرا نائر کا کہنا تھا کہ زہران ممدانی بچپن میں بالی ووڈ فلموں کے بے حد شوقین رہے ہیں۔ انہوں نے کلاسک ہندوستانی فلم ‘منّا بھائی ایم بی بی ایس’ اپنے نانا کے ساتھ 16 بار دیکھی اور یہ فلم ان کے لیے بچپن کی سب سے پسندیدہ فلم رہی ہے ، اس کے علاوہ زویا اختر کی فلم ‘لک بائے چانس’ بھی ان کی پسندیدہ فلموں میں شامل ہے ۔ انٹرویو کے دوران میرا نائر نے اپنے کیریئر کے ایک اہم موڑ کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب مجھے ہالی ووڈ کی مشہور فلم سیریز ‘ہیری پوٹر’ کی ہدایت کاری کی پیشکش ہوئی تو میں اس بات پر تذبذب کا شکار تھی۔ میرا نائر کے مطابق اس وقت زہران کی عمر صرف 14 سال تھی، مگر اس نے نہایت دانشمندی سے مشورہ دیا کہ ماں، ہیری پوٹر بہت سے اچھے ہدایت کار بناسکتے ہیں، مگر ‘دی نیم سیک’ صرف آپ ہی بنا سکتی ہیں، اس مشورے نے مجھے واضح فیصلہ کرنے میں مدد دی۔
