کشی نگر: اُترپردیش میں کشی نگر کے کسیا علاقہ میں چہارشنبہ کو زہریلی ٹافی کھانے سے ایک ہی کنبہ کے تین معصوموں سمیت چار بچوں کی موت ہوگئی۔واقعہ کے بعد جب با ر بار اطلاع دینے پر بھی موقع پر ایمبولنس نہیں پہنچی تو اہل خانہ چاروں بچوں کو بائک سے ہی لیکر ضلع اسپتال پہنچے ، جہاں ڈاکٹروں نے چاروں کو مردہ قرار دے دیا۔وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو فوری طورپر مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی اور جانچ کے بھی احکامات دیئے ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق کڑوا عرف دلیپ نگر کے لٹھور ٹولہ کی مکھیا دیوی صبح گھر کے دروازہ پر جھاڑ و لگا رہی تھی۔ اسی دوران انہیں ایک پالیتھن میں پانچ ٹافی اور نو روپئے ملے ۔ انہوں نے اس میں سے تین ٹافی اپنے ناتیوں اور ایک ٹافی پڑوسی کے بچے کو دے دی۔ چار وں بچے ٹافی کھانے کے بعد کھیلنے کے لئے کچھ دور ہی گئے تھے کہ بے ہوش کر زمین پر گر پڑے ۔گاوں والوں نے ایمبولنس نہ آنے پر بچوں کو بائک پر بٹھاکر ضلع اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے چاروں بچوں کو مردہ قرار دیدیا۔