حیدرآباد ۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق اگر لوگ ٹیلی ویژن دیکھنے کے دورانیے کو دن میں ایک گھنٹے سے بھی کم کر دیں تو امراض قبل کے تقریباً 11 فیصد معاملات کو روکا جا سکتا ہے۔اگر آپ ایک ایسے شخصیت ہیں جو ہر روز ٹیلی ویژن دیکھنے میں کافی وقت گزارتے ہیں، تو آپ کو دل کی بیماری میں مبتلا ہونے کا زیادہ خطرہ ہو سکتا ہے۔ ہانگ کانگ یونیورسٹی کے ایک اسسٹنٹ پروفیسر اور تحقیق کے مصنف ڈاکٹر ینگ وون کم نے کہا کہ ٹی وی دیکھنے میں وقت کم کرنے کو ’’کورونری‘‘ دل کی بیماری کی روک تھام کے لیے ایک اہم رویے کے ہدف کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے۔پروفیسر اور ان کی ٹیم نے کہا ہے کہ پہلے کی تحقیق میں جسم میں گلوکوز اور کولیسٹرول کی منفی سطحوں کے ساتھ زیادہ ٹیلی ویژن دیکھنے کے دورانیے کے درمیان تعلق پایا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کارڈیو میٹابولک رسک مارکروں کی ناموافق سطح پھر کورونری دل کی بیماری کے بڑھنے کے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ دن میں ایک گھنٹہ یا اس سے کم ٹی وی دیکھتے ہیں ان میں دل کی بیماری کا خطرہ چار یا اس سے زیادہ گھنٹے دیکھنے والوں کے مقابلے میں 16 فیصد کم ہوتا ہے اور جو لوگ دن میں دو سے تین گھنٹے ٹیلی ویژن دیکھتے ہیں، ان میں خطرہ 6 فیصد کم تھا۔
