زیرالتواء پراجکٹس کی تکمیل کانگریس حکومت کی اوّلین ترجیح : سریدھر بابو

   

فلاحی اسکیمات سے ہر خاندان مستفید ہوگا، متحدہ ضلع رنگاریڈی کے عوامی نمائندوں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد 29 مئی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و انچارج وزیر رنگاریڈی ڈی سریدھر بابو نے آج عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ضلع میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور ضلع کے عوامی نمائندے اجلاس میں شریک تھے۔ متحدہ کریم نگر ضلع کی ترقی کیلئے ریونت ریڈی حکومت کی سنجیدگی کا اعادہ کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہاکہ زیرالتواء آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کے ذریعہ لاکھوں ایکر اراضی کو سیراب کرنے کا منصوبہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ زیرالتواء پراجکٹس کی تکمیل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ ڈیم سیفٹی اتھاریٹی جو مرکزی حکومت کے تحت کام کرتا ہے اُس نے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں نقائص کی نشاندہی کی ہے۔ سریدھر بابو نے کہاکہ تلنگانہ ملک میں دھان کی پیداوار میں سرفہرست ہے اور حکومت کسانوں سے دھان کی خریدی میں فراخدلی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ غیر موسمی بارش سے فصلوں کو نقصان پر حکومت نے مناسب معاوضہ ادا کیا ہے۔ سابق بی آر ایس حکومت نے زرعی شعبہ کو نظرانداز کردیا تھا۔ کسان اراضی کے حقوق سے محروم کردیئے گئے جبکہ کانگریس حکومت نے بھوبھارتی قانون کے تحت اراضیات واپس کرنے کی ذمہ داری لی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم سے کوئی بھی غریب خاندان محروم نہیں رہے گا۔ اراضی رکھنے پر تعمیر کے لئے 5 لاکھ روپئے کی امداد مرحلہ وار طور پر جاری کی جائے گی۔ اُنھوں نے استفادہ کنندگان سے کہاکہ وہ فکرمند نہ ہوں کیوں کہ ضلع کلکٹر کی قیادت میں عہدیداروں کی ٹیم کو ہدایات دی گئی ہیں۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر اوّلین توجہ مرکوز کریں اور استفادہ کنندگان کے انتخاب میں شفافیت برقرار رکھیں۔ سریدھر بابو نے اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار کے ہمراہ ایک علیحدہ اجلاس منعقد کیا جس میں فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں ضلع کلکٹر کو ہدایات جاری کی گئیں۔1