زیر تعمیر پائپ لائن میں 6 مزدور ہلاک

,

   

ریاض ۔11 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ریاض میں ایک زیر تعمیر منصوبے کے لیے بچھائی جانے والی پائپ لائن میں 6 مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔ ویب سائٹ کے مطابق ریاض علاقے میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان لیفٹیننٹ محمد الحمادی نے کہا ہے کہ واقعہ گزشتہ روز ریاض کے جنوب میں واقع العزیزیہ محلے میں ہوا ہے۔محکمہ شہری دفاع کو اطلاع ملی تھی کہ زیر زمین بچھائی جانے والی پائپ لائن میں کام کر نے والے 6 کارکنوں سے رابطہ نہیں ہو رہا۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں مقام پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ زیر تعمیر منصوبے کو پانی فراہم کرنے کے لیے 400 میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جارہی ہے جس کا قطر ایک میٹر ہے۔منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی کے 6 کارکن ٹیوپ میں کام کر رہے تھے، کچھ دیر کے بعد ان سے رابطہ ختم ہوگیا۔جب کافی دیر تک رابطہ نہیں ہوا تو شہری دفاع کی امدادی ٹیم کو اطلاع دی گئی۔ترجمان نے بتایا ہے کہ شہری دفاع کی امدادی ٹیموں نے پائپ لائن کے اندر انہیں تلاش کرنا شروع کیا تو معلوم ہوا کہ 360 میٹر دور وہ 6 مزدور بے ہوشی حالت میں گرے پڑے ہیں۔انہیں باہر نکال کر ہوش میں لانے کی کوشش کی گئی مگر اس وقت تک وہ انتقال کرچکے تھے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔ وفات کے اسباب اورکارکن کی سلامتی کے لیے اختیار کیے جانے والے ضابطوں کا معائنہ کیا جارہا ہے۔