زیر زمین سطح آب میں اضافہ ، کاشتکاری کے لیے زر خیزی

   

گراوٹی زونس مستقبل قریب میں زیر آب ہونے کی توقع ، حکومت کے سروے میں انکشاف
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں زیر زمین سطح آب میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ گذشتہ برسوں سے کافی بہتر ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے سروے کے مطابق ریاست کے بیشتر اضلاع بالخصوص شہری اضلاع میں بھی زیر زمین سطح آب میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔مجموعی اعتبار سے ماہ جولائی کے دوران ریاست کے بیشتر تمام اضلاع میں زیر زمین سطح آب میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور رپورٹ کے مطابق ماہ جولائی کے دوران زیر زمین سطح آب 9.26میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ سال گذشتہ ماہ جولائی کے دوران زیر زمین سطح آب کا جائزہ لینے پر اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ زیر زمین سطح آب 14.12 میٹر تھی ۔ ماہرین کا کہناہے کہ جاریہ سال بارش کافی ہونے کے سبب اور زمین میں پانی جذب کرنے کی صلاحیت میں ریکارڈ اضافہ کے باعث مجموعی اعتبار سے ریاست میں 4.86میٹر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ زیر زمین سطح آب میں اضافہ ریاست میں کاشتکاری کی سرگرمیوں میں بہتری کے علاوہ پانی کی ضرورتوں کی تکمیل میں بھی اہم کردار ادا کرنے کی توقع ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کروائے گئے سروے کے مطابق ریاست میں 477 زونس میں سطح آب میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ماہ کے دوران ہونے والی متوقع بارش کے سبب زیر زمین سطح آب میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔عہدیداروں نے بتایا کہ سروے کے دوران 112 زونس میں زیر زمین سطح آب میں گراوٹ بھی ریکارڈ کی گئی ہے لیکن وہ پرامید ہیں کہ آئندہ چند یوم کے دوران ہونے والی بارش کے سبب ان زونس میں بھی سطح آب میں بہتری ریکارڈ کی جائے گی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے زیر زمین سطح آب میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت کے ماہرین اس سلسلہ میں مسلسل سرگرم ہیں اور زیر زمین پانی کی سطح میں گراوٹ اور اضافہ کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ جن مقامات پر زیر زمین سطح آب میں گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے ان علاقوں میں بارش کے علاوہ دیگر امور کا جائزہ لیتے ہوئے زمین میں پانی جذب کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔جن 112زونس میں زیر زمین سطح آب میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے ان علاقوں میں گراوٹ کی سطح 0.2تا9.03ہے جبکہ جہاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے وہاں 0.2میٹر تا15.46میٹر کا اضافہ ہے۔