زیلنسکی سے ملاقات اچھی رہی تاہم کچھ مسائل ہنوز حل طلب : ٹرمپ

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن ۔ 29 ڈسمبر (ایجنسیز) امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے یوکرینی ہم منصب زیلنسکی کے ساتھ بات چیت کو تعمیری جبکہ زیلنسکی نے اس ملاقات کو زبردست قرار دیا ہے۔ تاہم امریکی صدر نے تسلیم کیا کہ کچھ انتہائی اہم مسائل اب بھی حل طلب ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اتوار کی شام کو ان کی فلوریڈا کی رہائش گا مار۔ اے لاگو میں ان کی اپنے یوکرینی ہم منصب وولودیمیر زیلنسکی کے ساتھ بات چیت میں ’’کافی اہم پیش رفت‘‘ ہوئی ہے۔ امریکی صدر نے بتایا کہ یوکرین اور روس ڈونباس کی حیثیت پر متفق ہونے کے قریب تر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم بہت قریب آ رہے ہیں، شاید بہت قریب۔یوکرین کے صدر زیلنسکی نے بھی صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ٹرمپ کے ساتھ ان کی زبردست ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یوکرین نے سیکوریٹی کی ضمانتوں پر سو فیصد اتفاق کیا ہے، جب کہ ٹرمپ نے اس پر کہا کہ اس پر تقریبا 95 فیصد ہی اتفاق ہو سکا ہے۔ زیلنسکی نے بعد میں کہا کہ یوکرین میں روس کی تقریباً چار سال سے جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے امریکی اور یوکرین کی ٹیمیں اگلے ہفتے مزید بات چیت کے لیے ملاقات کریں گی۔ زیلنسکی نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر ایک بیان میں لکھا کہ ہم نے تمام مسائل پر کافی اہم بات چیت کی اور گزشتہ ہفتوں کے دوران یوکرین اور امریکی ٹیموں کے درمیان ہونے والی پیش رفت کی، ہم بہت زیادہ قدر بھی کرتے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین اور روس کے درمیان امن مذاکرات کے حوالے سے جو بھی بات چیت ہوئی ہے، اس کے نتائج آئندہ ہفتوں میں واضح ہو سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ اگر یہ واقعی ٹھیک ٹھاک رہا تو آپ جانتے ہیں، شاید چند ہی ہفتے، اور اگر یہ خراب رہے تو پھر زیادہ دیر لگے کی۔ تاہم، ٹرمپ نے خبردار کیا کہ چند باقی توجہ طلب مسائل اب بھی حتمی معاہدے کو روک سکتے ہیں۔ انہوں نے کہہمارے پاس کچھ ایسا بھی ہو سکتا ہے، جس کے بارے میں آپ نہیں سوچ رہے ہیں کہ وہ بڑا مسئلہ ہے، تاہم یہ اس میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ دیکھیے، یہ بہت مشکل گفت و شنید رہی ہے۔