لکھنؤ: ڈینگو کی تباہ کاریوں کے درمیان اب زیکا وائرس محکمہ صحت کے لیے ایک نیا مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ ایک ماہ قبل کانپور کے ایک ایئر مین میں زیکا وائرس کی تصدیق کے بعد اب یہ انفیکشن چار اضلاع میں پھیل چکا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ کانپور میں 133 لوگوں میں انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ بدھ کو دارالحکومت لکھنؤ میں دو نئے متاثرین کے پائے جانے کے بعد مریضوں کی تعداد اب بڑھ کر پانچ ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ قنوج اور اناؤ میں بھی ایک ایک مریض پایا گیا ہے۔ جس کے بعد یوپی میں زیکا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 140 ہو گئی ہے۔ بدھ کے روز، لکھنؤ کے عالم باغ اور ایل ڈی اے کالونی میں ایک ایک مریض میں زیکا وائرس کے انفیکشن کی تصدیق ہوئی۔ دونوں مریضوں میں ڈینگو جیسی علامات ظاہر ہو رہی تھیں لیکن ٹیسٹ میں زیکا پازیٹو پایا گیا۔ جس کے بعد محکمہ صحت نے علاقے کو کنٹینمنٹ زون قرار دیا ہے اور رابطہ میں آنے والے خاندان کے دیگر افراد کے ٹیسٹ کے لیے نمونے لے لیے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقے میں اینٹی لاروا فوگنگ اور کانٹیکٹ ٹریسنگ بھی کی جارہی ہے۔