سائبر آباد میں زیورات کی دکان لوٹنے کی کوشش ناکام

   

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ، زیورات کا کاؤنٹر کھول نہیں پائے

حیدرآباد۔ 12 اگست (سیاست نیوز) سائبر آباد میں ایک زیورات کی دکان کو لوٹنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ شہریوں میں سنسنی کا سبب بنی۔ اس واقعہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ آج صبح دکان کھولنے کے فوری بعد تقریباً 6 افراد پر مشتمل ٹولی ہتھیاروں کے ساتھ خزانہ جویلرس چندا نگر پہنچی اور لوٹ میں رکاوٹ پیدا کرنے والے ڈپٹی منیجر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا اور حملہ میں ڈپٹی منیجر شدید زخمی ہوگیا۔ خزانہ جویلرس کو لوٹنے کی ناکام کوشش کے واقعہ کا سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح شوروم کھلنے کے فوری بعد جبکہ عملہ ابھی سجاوٹ کی تیاری میں تھا، ایک کے بعد دیگر 6 افراد شوروم میں داخل ہوگئے۔ ایک نے راستہ روکنے والے عملہ پر بندوق تان دی اور لٹیرے اندر داخل ہوگئے۔ اس دوران خزانہ جویلرس کا ڈپٹی منیجر فائرنگ میں زخمی ہوگیا جس پر ایک ڈاکو نے فائر کردیا اور ڈپٹی منیجر کے پیروں پر گولی لگی۔ تاہم اس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ تمام ڈاکوؤں نے چہروں پر ماسک لگائے ہوئے تھے۔ جنہوں نے شوروم میں موجود کیمروں کو تباہ کردیا۔ تاہم شوروم کے اہم لاکرس کو ہاتھ نہ لگاسکے نہ ہی ان کے ہاتھ نقدی آئی اور نہ ہی انہوں نے کوئی طلائی زیورات کو لوٹا۔ اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس سائبرآباد کمشنر اور دیگر اعلیٰ عہدیدار چندا نگر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر پولیس سائبرآباد اویناش موہنتی نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لئے 10 ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے جو ان کا تعاقب کررہی ہیں۔ اس ٹولی نے واردات کی انجام دہی کے بعد ممبئی قومی شاہراہ کا رخ کیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سرحدی اضلاع کی پولیس کو چوکس کردیا گیا ہے اور چیک پوائنٹ پر تلاش جاری ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ڈاکو آج صبح تقریباً ساڑھے 10 بجے خزانہ شوروم میں داخل ہوئے جس کاؤنٹر میں سونے کے زیورات موجود تھے اس کاؤنٹر کو یہ لوگ کھول نہیں پائے۔ اس کے علاوہ چاندی کے زیورات کے سرقہ پر بھی شبہات پائے جاتے ہیں۔ کمشنر پولیس سائبرآباد نے دعویٰ کیا کہ اس کیس کو بہت جلد حل کرلیا جائے گا۔ ع