سائبر جرائم کا عروج ‘ عوام کو ٹھگنے کے واقعات

   

عوام موبائیل پر ترغیبی اور لالچ بھرے ایس ایم ایس کا شکار نہ ہوں
حیدرآباد 10 فبروری ( این ایس ایس ) موبائیل صارفین کیلئے مختلف طرح کے پرکشش ایس ایم ایس پیامات بعض اوقات ان کیلئے خسارہ کا باعث بن جاتے ہیں۔ اکثر و بیشتر کسی طرح کا لالچ دینے والے یا ترغیبات دینے والے ایس ایم ایس موابیل پر آتے ہیں جن میں کئی انعامات کی پیشکش بھی کی جاتی ہے ۔ اس طرح کے پیامات موبائیل پر عام ہوتے جا رہے ہیں جن میں آپ سے دوستی کی خواہش ظاہر کی جاتی ہے ۔ عوام کو ایسے پیامات سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔ اس طرح کے پیامات کے ذریعہ آپ کا اعتماد حاصل کرنے اور دوستی کرلینے کے بعد کسی نہ کسی انداز سے آپ کو دھوکہ دیا جاتا ہے ۔ آپ کو دھوکہ دینے کئی طرح کے جال بنے جاتے ہیں۔ آج کل میڈیا میں ایسے پیامات کا شکار ہونے والے افراد کی خبریں بھی دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ کئی معاملات میں لوگ اپنی محنت کی کمائی سے محروم ہوجاتے ہیں۔ پولیس اور دوسرے متعلقہ حکام بھی عوام کو ایسے دھوکہ بازوں سے چوکنا رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اس تناظر میں عوام کو ایسے واقعات یاد رکھنے چاہئیں جب سوشیل میڈیا پر دوستی کے بعد لوگوں کو ٹھگنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ کبھی کسی تحفہ کی آڑ میں کبھی کسی پارسل کے لالچ میں اور کبھی کسی اور نام سے لاکھوں روپئے ہڑپ کرلئے جاتے ہیں اور ایسے دھوکہ بازوں کا شکار ہونے والوں کے پاس کف افسوس ملنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہ جاتا ۔ ان دنوں سائبر جرائم عروج پر ہیں اور عوام کو اس تعلق سے زیادہ چوکسی برتنے کی ضرورت ہے ۔