شہر یوں کو بھی چوکس رہنے کا مشورہ، سائبر آباد پولیس کا بیان
حیدرآباد۔/17 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس سائبر دھوکہ بازوں کی سرگرمیوں پر قابو پانے اور انہیں ناکام بنانے میں کامیاب اقدامات کررہی ہے۔ سٹیزن فینانشیل سائبر فراڈ رپورٹنگ اینڈ مینجمنٹ سسٹم ( سی ایف سی ایف آر ایم ایس ) کے ذریعہ بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ شعور بیداری کے علاوہ سائبرآباد پولیس کی جانب سے جاری اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج سائبر دھوکہ بازوں کی گرفتاری اور عوامی رقم کو واپس لانے میں معاون ثابت ہورہے ہیں۔ دن بہ دن بڑھتے دھوکہ دہی کے واقعات میں اضافہ کا اس بات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ صرف سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں11 ماہ کے دوران 3,854 مقدمات درج کئے گئے۔ دھوکہ دہی کے ان واقعات میں سائبر دھوکہ بازوں نے 57.92 کروڑ روپئے ہڑپ لیا۔ ان شکایتوں کے بعد تحقیقات کرنے والی سائبر کرائم پولیس کی خصوصی ٹیموں نے587 مقدمات کی یکسوئی کرلی اور 164 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے 1.43 کروڑ روپئے واپس حاصل کرلئے۔ سائبر دھوکہ دہی کے واقعات پر عوام کی مدد اور جرائم کے انسداد کیلئے قائم کردہ خصوصی سیل سٹیزن فینانشیل سائبر فراڈ رپورٹنگ اینڈ مینجمنٹ سسٹم کی مدد سے حل کردہ مقدمات میں ایک واقعہ میں ایک شہری کے 20 لاکھ روپئے واپس حاصل کرلئے گئے۔ دھوکہ دہی کا شکار اس شہری نے فوری طور پر ہیلپ لائن پر اپنی فریاد سنائی جس کے بعد سسٹم کے ارکان نے اس شہری کے بینک کھاتے کی تفصیلات اور منتقل کی گئی رقم کے کھاتوں کی تفصیلات کو فوری حاصل کرتے ہوئے ان بینکوں کے نوڈل آفیسرس سے رابطہ بنایا اور اس شہری کی رقم جو مختلف بینک کھاتوں میں منتقل ہوتے ہوئے ایک بینک کھاتہ میں جمع ہوئی تھی فوری اس بینک کے کھاتہ کو منجمد کرتے ہوئے لین دین روک دیا گیا۔ اس طرح رقم واپس حاصل کرلی گئی۔ شہریوں کو چاہیئے کہ وہ پہلے احتیاط کریں اور دھوکہ بازوں کی سازشوں کا شکار نہ بنیں۔ اگر کسی صورت میں دھوکہ دہی کا شکار ہوجائیں تو فوری ہیلپ لائن 155260 پر اپنی فریاد پیش کریں۔ ع