شاد نگر کے کاشم پیٹ پولیس اسٹیشن کی جدید عمارت کا افتتاح ،وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔/16 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے سائبر جرائم کو آہنی پنجہ سے کچل دینے کا اعلان کیا ہے۔ شاد نگر کے کاشم پیٹ پولیس اسٹیشن کی جدید عمارت کا افتتا ح کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پروزیر داخلہ تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ محمد محمود علی نے کہا کہ ریاست میں بڑھتے ہوئے سائبر جرائم پر قابو پانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ کا محکمہ پولیس اس معاملہ میں بے مثال خدمات انجام دے رہا ہے۔ خواتین کے تحفظ کیلئے شی ٹیم تشکیل دینے کا اعزاز سارے ملک میں ریاست تلنگانہ کو حاصل ہے۔ تلنگانہ پولیس اپنی فرض شناسی اور فرینڈلی پولیسنگ کے معاملہ میں سارے ملک میں ایک اہم مقام رکھتی ہے۔ ریاست میں جرائم پر قابو پانے کیلئے جدید ٹکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب میں ریاست تلنگانہ ملک بھر میں سر فہرست ہے۔ تلنگانہ میں خواتین کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور شی ٹیم، ویمن سیفٹی وِنگ، بھروسہ سنٹرس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تلنگانہ حکومت نے ملک بھر میں پہلی مرتبہ پولیس تقررات میں خواتین کو 33 فیصد تحفظات فراہم کئے ہیں۔ اس موقع پر ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی، کمشنر سائبرآباد پولیس اسٹیفن رویندرا کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ ن