گوہاٹی ۔ 15 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق چمپئن سائنا نہوال، پروپلی کیشپ اور سروپ ورما 83 ویں یونک سنرائز سینئر بیڈمنٹن نیشنلس میں آج یہاں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ دفاعی چمپئن سائنا کو کوارٹر فائنل میں کامیابی کیلئے زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی اور انہوں نے ممبئی کی نیہا پنڈت کو 21-10,21-10 سے شکست دی۔ دو مرتبہ کی کامن ویلتھ گیم چمپئن کا اگلے مرحلہ میں ناگپور سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ ویشنوی بہل سے مقابلہ ہوگا۔ مرد زمرہ کے مقابلوں میں 2012ء کے فاتح کیشپ نے بدھت جوشی کو 21-18,21-16 سے شکست دی۔ سائنا اور کیشپ نے اپنے کوارٹر فائل مقابلہ نئے میدان سی آر پی انڈور اسٹیڈیم میں کھیلے کیونکہ انہوں نے آسام بیڈمنٹن اکیڈیمی کے میدان پر غیرمسطح زمین کی وجہ سے مقابلوں میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔