سابقہ وزیر کے شوہر کے خلاف شکایت پر پولیس کارروائی

   

حیدرآباد /8 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ریاست آندھراپردیش کی سابقہ وزیر اکھیلہ پریہ کے شوہر کے خلاف گچی باولی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرلی گئی ہے ۔ خدمات میں خلل اندازی اور روکاوٹ پیدا کرنے کے الزام میں آلہ گڈہ کی پولیس حیدرآباد پہونچی ۔ بتایا جاتا ہے کہ سابقہ وزیر اکھیلہ پریہ کے شوہر بھارگورام کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس آلہ گڈہ ضلع کرنول سے حیدرآباد پہونچی ۔ تاہم گرفتاری سے بچنے کی سابق وزیر کے شوہر کی کوشش اور اقدامات کے خلاف سب انسپکٹر آف پولیس آلہ گڈہ رمیش کمار نے گچی باولی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے ۔ بھوما اور شوبھا ناگی ریڈی کی لڑکی اکھیلہ پریہ سابق حکومت میں وزیر رہ چکی ہے ۔ اور آلہ گڈہ علاقہ کے علاوہ ضلع کرنول کی سیاست میں ان کے مرحوم والدین کا دبدبہ تھا اور اکھیلہ پریہ بھی سیاسی اثر رکھتی ہے ۔ تاہم ان کے شوہر کی گرفتاری کیلئے پولیس پہونچی تھی ۔ سابق وزیر کے شوہر پر الزام ہے کہ اس نے پولیس کی کارروائی اور اپنی گرفتاری سے بچنے کی خاطر پولیس کو نہ صرف حکم دیا بلکہ گاڑی کا تعاقب کرنے اور گاڑی کو روکنے والے سب انسپکٹر پر گاڑی چڑھادی ۔ اس واقعہ میں سب انسپکٹر کا الزام ہے کہ وہ بال بال بچ گیا اور اس نے گچی باولی پولیس میں شکایت کردی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔