سابق آئی پی ایس سنجیو بھٹ کو20 سال قید کی سزا

   

گاندھی نگر: گجرات بناس کانٹھا کی عدالت نے سابق آئی پی ایس افسر سنجیو بھٹ کو پالن پور کے 1996 کے این ڈی پی ایس کیس میں 20 سال کی قید بامشقت اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ بعد ازاںانہیںکو پولیس حراست میں پالن پور سب جیل لے جایا گیا۔ دوسری ایڈیشنل سیشن کورٹ نے سنجیو بھٹ کو این ڈی پی ایس کیس میں مجرم قرار دیا تھا۔ بھٹ کے وکیل ایس بی ٹھاکر نے کہا کہ اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ سزا سنانے کے دوران سنجیو بھٹ کی اہلیہ شویتا بھٹ بھی موجود تھیں۔ سزا کا اعلان ہونے کے بعد انہوں نے فیصلے کے خلاف سوالات اٹھائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فیئر ٹرائل کا موقع نہیں دیا گیا۔ منشیات پکڑنے پر انعام لینے والے کو اشتہاری بنا دیا گیا اور ہم پر الزامات لگائے گئے۔ عدالت کے جج کا ساڑھے چار سال سے تبادلہ نہیں ہوا۔ ہم نے تمام مسائل اٹھائے لیکن ہماری کوئی بات نہیں سنی گئی۔