سابق اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی کانگریس میں شامل

   

چیف منسٹر نے گھر پہونچ کر ملاقات کی ۔ بی آر ایس رکن اسمبلی کی قیادت میں کارکنوں کا دھرنا

حیدرآباد۔21۔ جون(سیاست نیوز) سابق اسپیکر اسمبلی مسٹر پوچارم سرینواس ریڈی نے آج کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج مسٹر پوچارم سرینواس ریڈی کے مکان پہنچ کر ملاقات کی اور انہیں پارٹی میں شامل ہونے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی اور دیگر موجود تھے ۔ رکن اسمبلی بانسواڑہ پوچارم سرینواس نے چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد بیان میں کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور زرعی شعبہ کیلئے کاموں کو دیکھتے ہوئے وہ کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا قافلہ مسٹر پوچارم سرینواس ریڈی کی قیامگاہ پہنچنے سے قبل رکن اسمبلی بی سمن کی قیادت میں بی آر ایس کارکنوں نے سابق اسپیکر کے مکان پر دھرنا منظم کرکے چیف منسٹر کے قافلہ کو روکنے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بناکر رکن اسمبلی اور کارکنوں کو گرفتار کرتے ہوئے بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور سابق اسپیکر اسمبلی مسٹر پوچارم سرینواس ریڈی کے درمیان بات چیت سے متعلق کہا جا رہاہے کہ دونوں نے ریاست میں زرعی شعبہ کی ترقی کے سلسلہ میں بات کی اور حکومت کے کسانوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات سے چیف منسٹر نے پوچارم سرینواس ریڈی کو واقف کروایا ۔ پوچارم سرینواس ریڈی کے مطابق اس ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے انہیں تیقن دیا کہ وہ انہیں ریاستی حکومت میں بہتر مقام دیں گے اور زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے ان سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ چیف منسٹر نے پوچارم سرینواس ریڈی سے خواہش کی کہ وہ سرپرست کی طرح ان کی اور حکومت کی رہنمائی کریں۔ سرینواس ریڈی کی کانگریس میں شمولیت کے بعد چیف منسٹر کے اعلامیہ میں کہاگیا کہ حکومت نظام آباد کے تمام نامکمل پراجکٹس کو مکمل کرنے ان کی رہنمائی حاصل کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کسانوں اور زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے جو کام کرنے تیار ہیں ہم انہیں ساتھ لیکر کام کریں گے اور ان کی تجاویز کا احترام کیا جائے گا۔3