سابق اسپیکر اے پی اسمبلی پر عائد کردہ الزامات کی مذمت

   

Ferty9 Clinic

ڈاکٹر کے سیوا پرساد کا الزامات ثابت کر دکھانے کا چیلنج
حیدرآباد ۔ 12 جون (سیاست نیوز) سابق اسپیکر آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے ان پر عائد کئے جانے والے غلط و بے بنیاد الزامات کی سخت مذمت کی اور بتایا کہ بحیثیت اسپیکر بالکلیہ طور پر غیرجانبداری کے ساتھ اپنا رول ادا کیا تھا اور ان کے تعلق سے بعض گوشوں سے عائد کئے جانے والے الزامات کو غلط و بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ عائد کئے جانے والے الزامات میں سے کوئی ایک الزام بھی ثابت کر دکھانے پر سیاسی زندگی سے سبکدوش ہوجانے کا نہ صرف اعلان کیا بلکہ چیلنج کیا۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا ادعا کیا کہ آنجہانی این ٹی راماراؤ اور مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی وجہ سے انہیں کئی اہم عہدے حاصل ہوئے جبکہ ان کے کوئی افراد خاندان سیاسی زندگی میں شامل نہ ہونے کا سابق میں بھی کہہ چکے ہیں اور ابھی بھی اس بات پر وہ قائم ہیں۔ ڈاکٹر سیوا پرساد راؤ نے کہا کہ غیرضروری طور پر انتقامانہ رویہ اختیار کرکے ان کے افراد خاندان کے خلاف کیسیس درج کرکے ہراساں کرنا کوئی مناسب بات نہیں ہے۔ انہوں نے ان کے افراد خاندان کے خلاف منصوبہ بند انداز میں کیسیس درج کرنے پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت اگر کرپشن سے پاک نظم و نسق فراہم کرتی ہے تو وہ اپنا بھرپور تعاون کریں گے اور بے قاعدگیوں و کرپشن کے واقعات پیش آئیں تو بڑے پیمانے پر جدوجہد منظم کریں گے بلکہ ہرگز خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ڈرنے و گھبرانے والے نہیں ہیں بلکہ حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔