سابق اولمپین اشوک امریکہ میں پھنس گئے ، مدد کی درخواست

   

نئی دہلی۔9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے بہت سارے لوگ بیرون ملک پھنس گئے ہیں۔ ہندوستان کے اولمپین اور ہاکی ورلڈ کپ کے فاتح اشوک دیوان بھی اس لاک ڈاؤن کا شکار ہوگئے ہیں ، جو امریکہ میں پھنس گئے ہیں۔ بیرون ملک اپنی خراب صحت اور پریشانیوں کے بعد انہوں نے ہندوستانی اولمپک اسوسی ایشن کے صدر نریندر بترا سے مدد کی درخواست کی ہے۔دیوان نے بترا کو خط لکھا مجھے آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔ آپ جانتے ہیںکہ میں امریکہ میں پھنس گیا ہوں اور میری صحت ٹھیک نہیں ہے۔ مجھے بی پی کی پریشانی کی وجہ سے پچھلے ہفتے کیلیفورنیا کے ایک اسپتال لے جایا گیا تھا۔ میرا واپسی کا ٹکٹ ملتوی کردیاگیا ہے۔ میرے پاس یہاں کوئی انشورنس نہیں ہے جس کی وجہ سے یہ خرچہ مجھے بہت مہنگا پڑرہاہے۔ انہوں نے وزیر کھیل اور وزیر خارجہ سے مدد کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے خط میں لکھا ، میں کھیل کے وزیر کرن رجیجو اور وزیر برائے امور خارجہ ایس جئے شنکر سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سان فرانسسکو میں واقع ہندوستانی سفارتخانے سے بات کریں تاکہ وہ مجھے اسپتال جانے میں مدد کر سکے۔ یا پھر وہ جلد سے جلد میرے ہندوستان جانے کا انتظام کرسکے۔ میں ہندوستان جاؤں گا اور تمام بل بھردوںگا۔ براہ کرم اسے سنجیدگی سے لیں ، میں بہت بری حالت میں ہوں۔ دیوان کی بیٹی آروشی نے میڈیا سے کہا میرے والد دسمبر میں امریکہ گئے تھے اور20 اپریل کو واپس آنے والے تھے۔ وہ میرے بھائی سے ملنے کے لئے اکیلے گئے تھے جو  ابھی شادی شدہ نہیں ہے اور وہ وہاں کام کرتا ہے لیکن اچانک وہ بیمار پڑگئے اور ہائی بلڈ پریشر اورتناؤکی شکایت کے بعد انہیں اسپتال لے جانا پڑا۔ پتہ چلا کہ انہیں دل  سے متعلق پریشانی ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں ایک ماہ کی دوا دی ہے لیکن اس سے فائدہ نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے ہندوستان میں ارباب مجاز کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی ہے۔