سابق ایم ایل اے کو بری کرنے کا فیصلہ مسترد

   

چینائی : مدراس ہائی کورٹ نے ویلور کے سابق کانگریس ایم ایل اے سی گناسیکرن اور ان کی اہلیہ کو غیر متناسب اثاثہ جات کے الزام سے بری کرنے کے زیریں عدالت کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے ۔ ڈائریکٹوریٹ آف ویجیلنس اینڈ اینٹی کرپشن (DVAC) نے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ ڈی وی اے سی نے ان کے خلاف 2006 سے 2011 تک ایم ایل اے رہتے ہوئے مبینہ طور پر 3.15 کروڑ روپے کے اثاثے حاصل کرنے کا مقدمہ درج کیا تھا۔ ویلور کی خصوصی عدالت نے 2016 میں گناسیکرن اور ان کی اہلیہ میکلا کو بری کر دیا تھا۔ تاہم، ڈی وی اے سی کی طرف سے دائر نظرثانی کی درخواست کو جسٹس ویلمورگن نے منظوری دی تھی۔ ڈی وی اے سی نے کہا کہ سابق ایم ایل اے کی اہلیہ کے پاس آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں ہے اور ان کے خلاف الزامات کے لیے ابتدائی ثبوت موجود ہیں۔ زیریں عدالت کے اس حکم کو جمعہ کے روز مسترد کر دیا گیا اور ہائی کورٹ نے ڈی وی اے سی کو کیس کو آگے بڑھانے کی ہدایت بھی دی ہے ۔