سابق ایم پی مرحوم شہاب الدین کی بیوہ حنا شہاب آزاد امیدوار

   

سیوان: بہار سے متعدد مرتبہ ایم پی رہ چکے مرحوم شہاب الدین کی بیوہ حنا شہاب نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے اپنے کاغذات نامزدگی کا ادخال کیا۔ یاد رہے کہ ان کے مرحوم شوہر کو فوجداری کے متعدد معاملات میں سزا کے بعد انہوں نے آر جے ڈی کے ٹکٹ پر ایک دوبار نہیں بلکہ تین بار مقابلہ کیا لیکن انہیں ہمیشہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ حالیہ دنوں میں آر جے ڈی قیادت نے حنا شہاب سے دوریاں اختیار کرلی اور یہاں تک کہ جب تیجسوی یادو ریاست گیر دورہ پر سیوان پہنچے تو انہوں نے حنا شہاب سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا تھا۔ اس کے بعد حیدرآباد ایم پی اسد الدین اویسی اور کانگریس کے باغی قائد پپو یادو نے حنا شہاب کی بطور آزاد امیدوار الیکشن لڑنے پر ہر طرح کی مدد کرنے کا وعدہ کیا۔ اب آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ حنا شہاب کامیاب ہوتی ہیں یا نہیں؟