سابق رکن اسمبلی محمد وراثت رسول خاں کا انتقال

   

حیدرآباد۔28۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) جناب محمد وراثت رسول خان سابق رکن اسمبلی کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کا آج دن میں مختصر سی علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔جناب وراثت رسول خان کی عمر 70سال تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ صبح ان کی طبیعت میں بے چینی کی شکایت پر انہیں خانگی دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پر معائنہ کے دوران قلب پر شدید حملہ کے سبب ان کا انتقال ہوگیا۔ جناب وراثت رسول خان 1989 میں پہلی مرتبہ آندھراپردیش اسمبلی کے لئے حلقہ اسمبلی چارمینار سے منتخب ہوئے تھے اور اس کے بعد وہ 2009 میں حلقہ اسمبلی نامپلی سے دوبارہ مجلس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرتے ہوئے اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے تھے ۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ فرزند جناب ارادت رسول خان ہیں ۔ جناب وراثت رسول خان کی نماز جنازہ بعد نماز مغرب مسجد عالمگیر شانتی نگر میں ادا کی گئی اورمسجد سے متصل قبرستان میں ان کے جسد خاکی کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد لحد کردیا گیا ۔ سینئر قائد و سابق رکن اسمبلی مجلس اتحاد المسلمین کے انتقال کی اطلاع موصول ہوتے ہی مجلسی ارکان اسمبلی و سینئر قائدین و رفقاء کی بڑی تعداد مرحوم کے آخری دیدار اور ارکان خاندان کو پرسہ دینے کے لئے پہنچنے لگی۔جناب وراثت رسول خان بانی صدرنشین شاداں گروپ آف ایجوکیشن ڈاکٹر محمد وزارت رسول خان مرحوم کے حقیقی بھائی ہوتے ہیں۔3