حیدرآباد ۔19 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ریاست میں ریونت ریڈی زیر قیادت کانگریس حکومت میں نامزد عہدوں کیلئے قائدین کی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنے قریبی ساتھیوں اور اسمبلی چناؤ میں پارٹی کی کامیابی کیلئے محنت کرنے والے قائدین کو نامزد عہدوں پر فائز کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ اسی سلسلہ میں سابق رکن اسمبلی وی نریندر ریڈی کو حکومت کے مشیر اعلیٰ کے طور پر مقرر کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ وی نریندر ریڈی گزشتہ 16 برسوں سے تلگو دیشم پارٹی میں ریونت ریڈی کے قریبی ساتھیوں میں شمار کئے جاتے ہیں۔ 2004 سے 2009 تک نریندر ریڈی محبوب آباد کے رکن اسمبلی رہے۔ تلگو دیشم پارٹی میں دونوں قائدین کی گہری دوستی تھی اور ریونت ریڈی کے ساتھ وہ کانگریس میں شامل ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ نریندر ریڈی کو کابینی رتبہ کے ساتھ حکومت کا مشیر اعلیٰ مقرر کیا جائے گا ۔ اسی دوران نظام آباد سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر وی وینکٹیشور کو تلنگانہ پلاننگ بورڈ کا نائب صدرنشین مقرر کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری طرف کانگریس کے سینئر قائدین نے دوسری پارٹیوں سے آنے والے قائدین کو اہم عہدوں پر فائز کرنے کی مخالفت کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر کی بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد سینئر قائدین ملاقات کرتے ہوئے اپنی رائے پیش کریں گے۔ 1