سابق رکن پارلیمنٹ جی ویویک کی کانگریس میں شمولیت

   

بی جے پی سے استعفیٰ کے بعد راہول گاندھی سے ملاقات
حیدرآباد۔یکم ؍ نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی جے پی کو آج اس وقت جھٹکہ لگا جب سابق رکن پارلیمنٹ جی ویویک وینکٹ سوامی نے پارٹی سے استعفی دے کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ جی ویویک کانگریس کے بزرگ رہنما آنجہانی جی وینکٹ سوامی کے فرزند ہیں اور وہ ایک تلگو اخبار اور نیوز چینل کے مالک ہیں۔ کانگریس میں ان کی گھر واپسی سے پارٹی کو اہم تشہیری مدد مل سکتی ہے۔ جی ویویک نے آج صبح صدر بی جے پی جی کشن ریڈی کو اپنا استعفی روانہ کردیا اور حیدرآباد میں مقیم کانگریس قائد راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ راہول گاندھی فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام پذیر تھے اور صبح میں راہول گاندھی نے فون پر جی ویویک سے بات چیت کی اور کانگریس میں شمولیت کی دعوت دی۔ جی ویویک نے ریونت ریڈی کے ہمراہ شمس آباد کی نووٹیل ہوٹل میں راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس کا کھنڈوا پہن لیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جی ویویک نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر کی ڈکٹیٹر شپ کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے۔ سونیا گاندھی نے عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے نئی ریاست تشکیل دی تھی لیکن صرف کے سی آر اور ان کے خاندان کو فائدہ ہوا۔ نئی ریاست میں عوام کی بھلائی نہیں ہوئی جس کے نتیجہ میں عوام سخت ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے مقصد سے انہوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ویویک نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ موضوع بحث نہیں ہے اور کانگریس ہائی کمان جو فیصلہ کرے گا وہ تعمیل کریں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ویویک کی کانگریس میں شمولیت سے پارٹی کو ایک ہزار ہاتھیوں کی طاقت حاصل ہوئی ہے۔