حیدرآباد ۔11۔ جون (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن کونسل راملو نائک نے قبائلیوں کو 12 فیصد تحفظات پر عمل آوری کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک روزہ بھوک ہڑتال کی ۔ ایم ایل اے کوارٹرس میں انہوں نے ایک روزہ بھوک ہڑتال کی جس کی تائید کے لئے کئی اہم قائدین نے ملاقات کی ۔ سابق مرکزی وزیر بلرام نائک اور سابق رکن پارلیمنٹ ملو روی نے بھوک ہڑتال سے اظہار یگانگت کیا ۔ راملو نائک قبائلیوں کے تحفظات کے سلسلہ میں سپریم کورٹ میں ریویو پٹیشن دائر کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے تحفظات سے متعلق جی او کو کالعدم کردیا تھا۔ کانگریس پارٹی مرکز اور ریاستی حکومت سے دستوری ترمیم کے ذریعہ تحفظات پر عمل کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے شام میں ایم ایل اے کوارٹرس پہنچ کر راملو نائک کی ہڑتال ختم کی ۔ اس موقع پر انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ قبائل کو 12 فیصد تحفظات کے وعدہ پر عمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ کے خلاف اپیل دائر کی جانی چاہئے ۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور دیگر سینئر قائدین نے بھی بھوک ہڑتال کی تائید کی۔
