نئی دہلی : سابق ڈین فیکلٹی آف آرٹس اور سابق صدر شعبہ اردو دہلی یونیورسٹی پروفیسر نجمہ رحمانی کاآج اپنی رہائش گاہ پر صبح کینسر کے موذی مرض کے سبب انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر تقریبا 60برس تھی۔ نماز جنازہ جامعہ نگر کی مسجد خلیل اللہ میں ادا کی گئی۔ پروفیسر نجمہ رحمانی کے بڑے بھائی ڈاکٹر تسلیم رحمانی کے مطابق وہ کافی عرصے سے کینسر جیسے موذی مرض سے نبردآزما تھیں اور کل ہی دواخانہ سے گھر آئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ پروفیسر نجمہ رحمانی نے آج22 مارچ کو صبح ساڑھے نو بجے آخری سانس لی۔ ان کی میت دہلی یونیورسٹی سے بٹلہ ہاوس لے جائی گئی جہاں بعد نماز عصر مسجد خلیل اللہ میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔ ان کے انتقال پر اردو حلقوں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ پروفیسر نجمہ رحمانی اردو دنیا کی ایک معتبر، علمی اور ادبی شخصیت تھیں۔انھوں نے اپنی پوری زندگی اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے وقف کردی تھی۔ ان کی علمی بصیرت، تحقیقی گہرائی اور تنقیدی شعور اردو ادب کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہے ۔