اندور: مدھیہ پردیش کے اندور ضلع کے سمرول تھانہ علاقہ میں واقع ایک کالج کی پرنسپل کو سابق طلبہ کے ذریعہ آتش گیرمادہ ڈال کر جلا دیا گیا۔ سنگین حالت میں خاتون پرنسپل کو ہاسپٹل میں بھرتی کرایا گیا، جہاں ان کی حالت ابھی بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔ اس واقعہ میں طالب علم بھی جھلس گیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق سمرول تھانہ علاقہ میں واقع بی ایم کالج کی پرنسپل ومکتی شرما کل کالج میں تھیں۔ وہ کالج ختم کر کے اپنے گھر جانے کی تیاری میں تھیں، تبھی احاطے میں سابق طالب علم آشوتوش شریواستو اپنے ساتھ آتش گیر مادہ لے کر پہنچا اور پرنسپل کے اوپر ڈال دیا۔ اس کے بعد اس نے آگ لگا دی۔ اس واقعہ میں پرنسپل سنگین طور پر جھلس گئیں، اس واقعہ میں آشوتوش بھی جھلس گیا۔واقعہ کے بعد فرار آشوتوش کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے ۔ ملزم طالب علم ہاسپٹل میں بھرتی ہے ۔حالانکہ ابھی واقعہ کے وجہ کا انکشاف نہیں ہو سکا ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملزم طالب علم اس کالج میں پڑھتا تھا۔ اس کے مارکس کے سلسلے میں کچھ تنازعہ تھا، جس کی وجہ اس نے اس واقعہ کو انجام دیا ہے ۔ اس سے قبل بھی اس طالب علم نے کالج میں چاقو بازی کا ایک واقعہ کو انجام دیا تھا، جس میں اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔ پولیس نے معاملے میں ایف آئی آر درج کرکے جانچ شروع کر دی ہے ۔