حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری (سیاست نیوز) سابق مرکزی مملکتی وزیر ارون سبھاش چندر یادو نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ سابق مرکزی وزیر نے او بی سی طبقات کو بااختیار بنانے اور سماجی انصاف کیلئے ذات پات پر مبنی سروے منعقد کرنے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ سروے کی تفصیلات کو سرکاری اسکیمات میں پسماندہ طبقات کی موثر حصہ داری کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے طبقاتی سروے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے ۔ سابق مرکزی وزیر نے آل انڈیا او بی سی کمیونٹی کے علاوہ مدھیہ پردیش او بی سی طبقات اور مدھیہ پردیش یادو سماج کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔ ارون سبھاش چندر یادو نے کہا کہ ملک بھر میں سرکردہ او بی سی قائدین ، دانشور اور سماجی جہد کار تلنگانہ حکومت کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں جس نے او بی سی طبقات کو بااختیار بنانے کیلئے مثالی قدم اٹھایا ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں سماجی انصاف کی فراہمی کی راہ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔1