سابق وزیراعظم عمران خان کو سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم

   

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بطور سابق وزیر اعظم سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی سے سکیورٹی واپس لینے کے معاملے پر درخواست کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کی، جس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا، عدالت نے حکم دیا کہ تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی عمران خان کو تھریٹس کے لیول کا جائزہ لے کر سکیورٹی فراہم کرے ۔عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے فیصلے مناسب مگر محسوس ہوتا ہے کہ صرف کاغذوں کی حد تک ہیں۔ پٹیشنر کے وکیل نے کہا عمران خان بطور سابق وزیراعظم جس سکیورٹی کے حقدار ہیں وہ فراہم کی جائے ۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم نامے میں لکھا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق عدالت میں پیشی کے موقع پر عمران خان کو فول پروف سکیورٹی دی گئی، تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی تھریٹس کی مناسبت سے سکیورٹی انتظامات کرتی ہے ۔