سابق وزیراعلی بھوپیش بگھیل کے بیٹے کو ای ڈی نے گرفتارکرلیا

   

رائے پور، 18 جولائی (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے اہلکاروں نے چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کے بیٹے چیتنیہ بگھیل کو شراب کے گھپلے سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا ہے ۔جانچ ایجنسی کے ایک اہلکار نے جمعہ کے روز یہ جانکاری دی۔ سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر بگھیل نے آج بھلائی میں واقع اپنی رہائش گاہ پر ای ڈی کے چھاپے پر ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے ، لیکن انہیں عدلیہ پر اعتماد ہے اور وہ کارروائی میں تعاون کریں گے ۔سابق وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ‘‘سالگرہ کا جیسا تحفہ مودی اور شاہ جی دیتے ہیں، اس طرز پردنیا کی کسی جمہوریت میں کوئی بھی نہیں دے سکتا۔ میری سالگرہ پر دونوں انتہائی قابل احترام لیڈروں نے میرے مشیر اور دو او ایس ڈی کے گھر ای ڈی بھیجی تھی اور اب میرے بیٹے چیتنیہ کی سالگرہ پر ای ڈی کی ٹیم میرے گھر پر چھاپہ مار رہی ہے ۔ ان تحائف کے لیے شکریہ، جو زندگی بھر یاد رہیں گے ۔