سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے سابق میڈیا ایڈوائزر سنجیا بارو ہوئے آن لائن دھوکہ دہی کا شکار۔ ملزم گرفتار۔ 100 سے زائد افراد نشانہ بنائے جانے کا انکشاف

,

   

نئی دہلی: سابق وزیر اعظم ڈاکٹرمنموہن سنگھ کے سابق میڈیا ایڈوائزر سنجیا بارو آن لائن دھوکہ دہی کے شکار ہوگئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (جنوب) اتل کمار ٹھاکور نے بتا یا کہ مسٹر سنجیا بارو انٹرنیٹ پر شراب کی ہوم ڈیلیوری سہولت تلاش کررہے تھے۔ اسی دوران انہوں نے لا کیو وائنس نام کی ایک شراب کی دکان پائی۔ درج کئے گئے فون نمبر پر انہوں نے ایک آرڈر کروایا جس پر انہیں 24 ہزار روپے آن لائن روانہ کرنے کیلئے کہا گیا۔ مسٹر بارو نے آن لائن رقم روانہ کردی ا س کے بعد اس شخص کا موبائل فون سوئچ آف بتایا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے پولیس سے رجوع ہوتے ہوئے ایک شکایت درج کروائی۔اس سلسلہ میں پولیس کارروائی کرتے ہوئے خاطی شخص کو ڈھونڈ نکالا اور اسے گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ملزم بھرت پور ضلع راجستھان کا متوطن بتایا گیا اور پیشہ سے وہ ایک کیاب ڈرائیور بتایا گیا ہے۔ دوران پوچھ تاچھ اس نے انکشاف کیا کہ وہ اور اس کے دیگر ساتھی فرضی ناموں اور پتہ کے ساتھ سم کارڈس حاصل کرتے ہیں اور اس سے وہ لوگوں کو اپنا شکار بناتے ہیں۔ مختلف ریاستوں کے مختلف بینکوں میں ان کے کھاتے ہوتے ہیں۔ رقم موصول ہوتے ہی صرف 5 تا10 منٹ کے اندر ہی وہ رقم ان بینک کھاتوں میں بھیج دی جاتی ہے۔ بعد ازاں وہ جس کھاتے میں چاہے ٹرانسفر کرلیتے ہیں۔اس طرح وہ قانونی شکنجہ میں نہیں پھنستے۔ دوران پوچھ تاچھ ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے لاک ڈاؤ ن کے دوران 100 سے زائد افراد کو اپنا شکار بنایا ہے۔ ڈی سی پی اتل کمار ٹھاکور نے بتایا کہ ملزم کے خلاف حوض خاص پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند دفعہ 420 (دھوکہ باز) کے تحت مقدمہ کرلیا ہے۔