سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سینہ میں درد کی شکایت پر ہاسپٹل میں شریک، حالت بہتر

,

   

نئی دہلی: سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو سینہ میں درد کی شکایت پر اتوار کی شب تقریبا 8.45 بجے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) میں شریک کروایا گیا ہے۔ ڈاکٹر نتیش نائک کی نگرانی میں انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ 87 سالہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈرہیں۔ رات دیر گئے سابق وزیر اعظم کے دفتر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان کی صحت بہتر بتائی گئی ہے۔ انہیں فی الحال ابزرویشن میں رکھا گیا ہے۔

وہ راجستھان سے راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ خرابی صحت کی اطلاع ملتے ہی پارٹی کے دیگر وزراء جن میں مدھیہ پردیش کے کمل ناتھ، آسام کے وزیر صحت ہمانتا بسوا شرما نے ان کی بہتر صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ2009 ء میں منموہن سنگھ کی بائی پاس سرجری کی گئی تھی جو 14 گھنٹوں پر مشتمل تھی جوکہ کامیاب ثابت ہوئی۔