طلبہ کیلئے سالانہ ایک گولڈ میڈل کی پیشکش
حیدرآباد۔/20 نومبر، ( سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیر پونالہ لکشمیا جو عثمانیہ یونیورسٹی کے سابق طالب علم ہیں انہوں نے پونالہ فاؤنڈیشن کی جانب سے یونیورسٹی میں گولڈ میڈل متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپارٹمنٹ آف لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس کے تحت نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے امیدوار کو یہ گولڈ میڈل دیا جائے گا۔ پونالہ لکشمیا نے آج وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ایم کمار سے ملاقات کی اور انہیں 5.50 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا۔ یونیورسٹی کے قواعد کے مطابق یہ رقم حوالے کی گئی اور اس رقم کو ڈپازٹ کرنے سے حاصل ہونے والی انٹرسٹ کی رقم سے سالانہ ایک گولڈ میڈل دیا جائے گا۔ پروفیسر کمار نے پونالہ لکشمیا سے اظہار تشکر کیا اور سابق طالب علم کی حیثیت سے موجودہ طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے جذبہ کی ستائش کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کی ترقی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ پونالہ لکشمیا نے نیشنل لائبریری ویک تقاریب کے ضمن میں منعقدہ کتابوں کی نمائش کا معائنہ کیا۔ وائس چانسلر نے عثمانیہ یونیورسٹی میں مختلف ترقیاتی سرگرمیوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ پونالہ لکشمیا نے لائبریری کو عصری بنانے کیلئے پونالہ فاؤنڈیشن کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا تیقن دیا۔ انہوں نے اپنے آبائی گاؤں میں موجود لائبریری کی یاد تازہ کی جہاں وہ بچپن میں پانچویں جماعت تک ایک روپیہ ماہانہ تنخواہ پر کام کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یونیورسٹی کی لائبریری کو ترقی دینا چاہتے ہیں۔1