سابق وزیر کے بھائی سریکانت گوڑ کی خود سپردگی

   

محبوب نگر۔/26 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کے بھائی سریکانت گوڑ نے جمعہ کی شام رورل پولیس اسٹیشن محبوب نگر میں خود سپردگی اختیار کی بعد ازاں انہیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ سے ضمانت نہ ملنے پر مایوس ہوکر انہوں نے یہ اقدام کیا ۔ جیسے ہی ان کی خود سپردگی کی اطلاع عام ہوئی بی آر ایس قائدین اور ورکرس پولیس اسٹیشن کے قریب جمع ہوگئے ۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ ان پر الزامات ہیں کہ غیر قانونی سرگرمیاں جیسے اراضیات پر قبضہ، قبضوں میں رکاوٹیں وغیرہ میں ملوث رہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سروے نمبر 523 سرکاری اراضی پر بھی قبضہ کا الزام ہے جبکہ اس میں ملوث دیگر تین ملزمین رائیڈو، دیوا، راجو کو دو ماہ قبل ہی گرفتارکیا گیا تھا اب چوتھے ملزم سریکانت گوڑ بھی حراست میں آچکے ہیں۔ ان کابیان قلمبندکرکے اچم پیٹ مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ سریکانت گوڑ پر دیگر الزامات بھی ہیں اپنے ساتھیوںکے ساتھ دو افراد پر حملہ، عرضی گذار کے گھر میں گھس کر دھمکی دینا، فوٹیج کیمروں اور دیگر سامان کو تباہ کرنا، ڈاٹا محفوظ کی گئی ہارڈ ڈسکس کو زبردستی چھین لینا وغیرہ عدالت میں زیر دوران ہیں۔