سابق چیف جسٹس بی آر گوائی نلسار یونیورسٹی کے چیر پروفیسر

   

حیدرآباد ۔16۔ اپریل (سیاست نیوز) سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس بی آر گوائی نے نلسار یونیورسٹی آف لاء کے چیر پروفیسر کی اعزازی ذمہ داری سنبھال لی جس کے تحت نلسار یونیورسٹی کے طلبہ کو سابق چیف جسٹس سے قانون کی تعلیم راست طور پر حاصل کرنے کا موقع ملے گا ۔ نومبر 2025 میں سبکدوشی کے بعد جسٹس گوائی نے ڈسمبر 2025 میں نلسار کے چیر پروفیسر کے عہدہ کو قبول کرلیا ۔ جسٹس بی آر گوائی نے چیر پروفیسر کے طور پر یونیورسٹی کے اپنے پہلے دورہ کے موقع پر کہا کہ انہیں جب پہلی مرتبہ نلسار کی جانب سے اس عہدہ کا پیشکش کیا گیا ، میں نے ایک چھوٹی شرط کے ساتھ اس ذمہ داری کو قبول کیا کہ میں کوئی تنخواہ نہیں لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی وراثت کے تحت ان کے نظریات کو فروغ دینے کیلئے کسی مالی منفعت کی ضرورت نہیں ہے ۔ جسٹس گوائی نے سماج میں مساوات اور دیرپا ترقی کے موضوع پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر میموریل لکچر دیا۔ انہوں نے کہا کہ دستور کے فریم ورک کے تحت ترقی اور مساوات پر یکساں عمل آوری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساوات کے بغیر ترقی کا تصور ادھورا رہے گا۔ جسٹس بی آر گوائی نے امبیڈکر چیر کے لئے مختص کردہ آفس کا افتتاح کیا ۔1/k/m/b