سابق چیف سکریٹری ایس کے جوشی کو تلنگانہ ہائیکورٹ سے راحت

   

حیدرآباد 16 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں مبینہ بے قاعدگیوں سے متعلق جسٹس پی سی گھوش کمیشن کے خلاف سابق چیف سکریٹری ایس کے جوشی کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے اُنھیں راحت دی ہے۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی رپورٹ کی بنیاد پر ایس کے جوشی کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ پی سی گھوش کمیشن نے تحقیقات کے دوران سابق چیف سکریٹری کا بیان ریکارڈ کیا تھا۔ اسمبلی میں حکومت کی جانب سے رپورٹ کی پیشکشی اور پھر سی بی آئی کو تحقیقات حوالہ کرنے کے بعد درخواست گذار کو حکومت کی جانب سے کارروائی کا اندیشہ ہے لہذا کمیشن کی رپورٹ کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ درخواست گذار نے کہاکہ کمیشن نے اُنھیں کوئی نوٹس نہیں دی تھی لہذا کمیشن کی رپورٹ کی بنیاد پر اُن کے خلاف کارروائی نہیں کی جاسکتی۔ ہائیکورٹ نے عبوری احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت کو آئندہ کے لئے ملتوی کردیا۔1