آندھراپردیش سے صدارت کی ذمہ داری کا امکان، پارٹی کے احیاء کی حکمت عملی کا جائزہ
حیدرآباد۔20۔ مئی (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں کانگریس پارٹی کے احیاء کے لئے اعلیٰ کمان نے توجہ مرکوز کی ہے۔ متحدہ آندھراپردیش کے آخری چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی جنہوں نے آخری وقت تک ریاست کی تقسیم کی شدت سے مخالفت کی تھی ، انہیں کانگریس پارٹی آندھراپردیش میں پارٹی کی کمان سونپنے کی تیاری کر رہی ہے ۔ کرن کمار ریڈی نے ریاست کی تقسیم کے بعد علحدہ پارٹی تشکیل دیتے ہوئے انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ بعد میں وہ کانگریس سے وابستہ ہوگئے۔ آندھراپردیش میں کانگریس کو مستحکم کرنے کیلئے ہائی کمان نے کرن کمار ریڈی کو دہلی طلب کیا۔ وہ گزشتہ تین دن سے دہلی میں قیام پذیر ہیں۔ کرن کمار ریڈی نے آج صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ 45 منٹ تک جاری رہی اس ملاقات میں آندھراپردیش میں پارٹی کے احیاء کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ ملاقات کے بعد کرن کمار ریڈی نے تفصیلات سے میڈیا کو واقف کرانے سے گریز کیا اور حیدرآباد واپس ہوگئے۔ ابتداء میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ شخصی کام کے سلسلہ میں نئی دہلی آئے ہیں تاہم بعد میں ہائی کمان کی جانب سے طلبی کی اطلاع عام ہوگئی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی نے آندھراپردیش میں کانگریس کے استحکام کیلئے کرن کمار ریڈی کی خدمات کو ناگزیر قرار دیا۔ ہائی کمان انہیں آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کرنے پر غور کر رہا ہے۔ آندھراپردیش امور کے انچارج اومن چانڈی سے بھی کرن کمار ریڈی کی ملاقات ہوئی اورانہیں کانگریس کے استحکام کیلئے سرگرم ہونے کا مشورہ دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان ریاست کے دیگر قائدین کے مشاورت کے بعد کرن کمار ریڈی کے تقرر کا اعلان کرے گا۔ ر