سابق چیف منسٹر کے روشیا کی سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسوم

   

گاندھی بھون میں آخری دیدار، ملکارجن کھرگے ، این بھاسکر راؤ، کشن ریڈی اور دوسروں کا خراج
حیدرآباد۔/5 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر کے روشیا کی آخری رسومات مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ آج کومپلی میں واقع فارم ہاوز میں انجام دی گئیں۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ تلنگانہ کے ریاستی وزراء کے علاوہ آندھرا پردیش کے ریاستی وزراء نے بھی آخری رسومات کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔ روشیا کے پرستاروں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ آج صبح روشیا کی ارتھی کو امیر پیٹ میں واقع ان کی قیامگاہ سے گاندھی بھون منتقل کیا گیا جہاں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی صدر سونیا گاندھی کی نمائندگی کرتے ہوئے راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے خراج پیش کیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔ کانگریس قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے آخری دیدار کرتے ہوئے خراج پیش کیا۔ وہاں سے ارتھی کو کومپلی فارم ہاوز منتقل کیا گیا جو روشیا کی زرعی اراضی ہے وہیں پر آخری رسومات انجام دی گئیں۔ آندھرا پردیش کے وزراء بوتسا ست نارائنا، بی سرینواس ریڈی، ٹی نانی اور ایم سرینواس نے حکومت کی جانب سے خراج پیش کیا۔ واضح رہے کہ روشیا کا کل صبح دیہانت ہوگیا۔ جس کے بعد حکومت نے تین روزہ سرکاری سوگ کے علاوہ سرکاری اعزازات سے آخری رسومات کا اعلان کیا۔ آج دن بھر کئی اہم شخصیتوں نے روشیا کو خراج پیش کیا ان میں مرکزی وزیر جی کشن ریڈی، بی جے پی ریاستی صدر بنڈی سنجے، سابق چیف منسٹر این بھاسکر راؤ، میگا اسٹار چرنجیوی، تروملا تروپتی دیواستھانم صدرنشین وائی وی سبا ریڈی، سابق وزراء کے مرلی موہن اور دوسروں نے امیر پیٹ میں آنجہانی قائد کی قیامگاہ پہنچ کر خراج پیش کیا۔ رات بھر خراج عقیدت پیش کرنے والے افراد کا سلسلہ جاری رہا۔ روشیا کے قریبی ساتھی اور آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر رگھویرا ریڈی نے بھی پسماندگان کو پرسہ دیا۔ر