سابق کارپوریٹر خواجہ بلال کا مجلس سے علیحدگی کا اعلان

   

مجلس پر ملعون راجہ سنگھ کو سیاسی زندگی فراہم کرنے کا الزام
حیدرآباد۔12۔نومبر(سیاست نیوز) سابق کارپوریٹر مجلس اتحاد المسلمین جناب خواجہ بلال احمد نے پارٹی سے علحدگی کا اعلان کرتے ہوئے فیس بک پر ایک ویڈیو جاری کیا اور کہا کہ مجلس کی جانب سے حلقہ اسمبلی گوشہ محل میں کوئی امیدوار میدان میں نہ اتارے جانے پر وہ پارٹی سے علحدگی اختیار کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملعون راجہ سنگھ کے خلاف مجلس کا میدان میں نہ اترنا اس بات کا ثبوت ہے کہ مجلسی قیادت راجہ سنگھ کو سیاسی زندگی فراہم کر رہی ہے تاکہ مسلمانوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور گوشہ محل رکن اسمبلی کا خوف پیدا کرتے ہوئے اپنی خامیوں کی پردہ پوشی کی جاسکے۔ انہو ںنے جاری کئے گئے ویڈیو میں استفسار کیا کہ جب پہلی مرتبہ 30تا32ہزار ووٹ حاصل کرتے ہوئے ملک پیٹ سے 2009 کامیابی حاصل کی گئی اور مہاراشٹرا کے حلقہ اسمبلی بائیکلہ سے 25 ہزار ووٹ حاصل کرتے ہوئے وارث پٹھان کامیاب ہوئے تو پھر کیوں 60ہزار سے زائد مسلم آبادی والی گوشہ محل اسمبلی سے امیدوار میدان میں اتارنے کے بجائے راجہ سنگھ کی کامیابی کی راہ ہموار کی جار ہی ہے!جناب خواجہ بلال نے کہا کہ انہوں نے کانگریس دوبارہ مجلس میں محض اسی لئے شمولیت اختیار کی تھی کیونکہ انہیں صدر مجلس نے کہا تھا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کو یقینی بنانے کے لئے اتحاد ضروری ہے اور بی جے پی کی شکست کے لئے ہی انہوں نے کانگریس سے مستعفی ہوتے ہوئے مجلس میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن اب وہ یہ فیصلہ کرچکے ہیں کہجو گوشہ محل سے راجہ سنگھ کو ناکام نہیں کرواسکتے ان کے ساتھ نہیں رہیں گے۔