سابق کمشنرپولیس پرمبیر کی عرضی پر سپریم کورٹ کا سماعت سے انکار

   

انیل دیشمکھ کے خلاف سی بی آئی انکوائری کے مطالبہ پر ہائیکورٹ سے رجوع ہونے کی ہدایت
نئی دہلی : سپریم کورٹ نے ممبئی پولیس کے سابق کمشنر پرمبیر سنگھ کی طرف سے مہاراشٹرا کے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کے خلاف سی بی آئی انکوائری کی مانگ کو لیکر دائر کی گئی عرضداشت پر سماعت کرنے سے انکارکردیاہے۔ پرمبیر سنگھ نے عرضداشت میں دیشمکھ کے خلاف منصفانہ اور آزادانہ سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ جس پر جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس آر سبھاش ریڈی کے بنچ نے پوچھا کہ انیل دیشمکھ کو اس معاملے میں فریق کیوں نہیں بنایا گیا؟ بنچ نے یہ بھی پوچھا ہے کہ پہلے آپ ہائی کورٹ کیوں نہیں گئے؟ سپریم کورٹ نے پرمبیر سنگھ کے وکیل سے پوچھا کہ آپ نے وزارت داخلہ کو فریق کیوں نہیں بنایا؟ آپ نے آرٹیکل 32 کے تحت پٹیشن کیوں دائر کی ہے۔ آپ نے 226 کے تحت کیوں نہیں دائر کیا؟ اس کے بعد سپریم کورٹ نے ، پرمبیر سنگھ کو ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کو کہا ہے۔ اس پر ، پرمبیر سنگھ نے سپریم کورٹ سے اپنی درخواست واپس لے لی ہے اور کہا ہے کہ وہ بمبئی ہائی کورٹ جائیں گے۔ پرمبیر سنگھ نے عدالت سے یہ حکم بھی منسوخ کرنے کی درخواست کی تھی کہ ممبئی کے پولیس کمشنر کے عہدے سے ان کا تبادلہ من مانی پر مبنی اور غیر قانونی ہے۔ سنگھ نے ایک عبوری امداد کے طور پر ، ان کے تبادلے کے حکم پر روک لگانے کی درخواست کی تھی اور ریاستی حکومت ، مرکز اور سی بی آئی کو ہدایت کی کہ وہ دیشمکھ کی رہائش گاہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج فوری طور پر قبضہ کریں۔