سابق کمشنر پولیس ممبئی کے الزامات سنگین، تحقیقات ضروری

   

وزیر داخلہ انیل دیشمکھ پر ماہانہ 100کروڑ روپئے جمع کرنے کا معاملہ افسوسناک : شردپوار

ممبئی : نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار نے کہا کہ سابق پولیس کمشنر ممبئی پرم ویر سنگھ کی جانب سے وزیر داخلہ مہاراشٹرا انیل دیشمکھ کے خلاف عائد کردہ الزامات سنگین ہیں ۔ ان الزامات کی گہرائی سے تحقیقات کی جانی چاہیئے ۔ پرم ویر سنگھ نے کل دعویٰ کیا تھا کہ وزیر داخلہ مہاراشٹرا انیل دیشمکھ پولیس آفیسرس سے ماہانہ 100کروڑ روپئے جمع کر کے حاصل کرنا چاہتے تھے ۔ بار اور ہوٹلس سے یہ رقم حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔ دہلی میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شرد پوار نے چیف منسٹر مہاراشٹرا اودھو ٹھاکرے کو مشورہ دیا کہ وہ انیل دیشمکھ کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے قبل اس معاملہ کی تحقیقات کروائیں اور اس کے بعد فیصلہ کریں ۔ پوار نے کہا کہ نہ تو چیف منسٹر اور نہ ہی ریاستی وزیر داخلہ پولیس آفیسر سچن ویزے کی معطلی کیلئے ذمہ دار ہیں ۔ گذشتہ سال پولیس فورس میں انہیں شامل کیا گیا تھا ۔ این سی پی صدر نے کہاکہ انہوں نے پرم ویر سنگھ کے مکتوب کے تعلق سے چیف منسٹر اودھو ٹھاکرے سے بات چیت کی ہے ۔ میں اودھو ٹھاکرے کو مشورہ دوں گا کہ وہ اس سلسلہ میں سابق آئی پی ایس آفیسر جولیو ریبیرو کی مدد حاصل کریں ۔ جن کے حوالے سے پرم ویر سنگھ نے دعویٰ کیا ہے ۔ پوار نے کہا کہ پرم ویر سنگھ نے اس وقت الزامات عائد کئے جب کہ انہیں 17مارچ کو پولیس کے ہوم گارڈ شعبہ میں تبادلہ کیا گیا تھا ۔